ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو : فِش مِیل فیکٹری میں المناک حادثہ - زہریلی گیس سے پانچ مزدور ہلاک- تین زیر علاج

منگلورو : فِش مِیل فیکٹری میں المناک حادثہ - زہریلی گیس سے پانچ مزدور ہلاک- تین زیر علاج

Mon, 18 Apr 2022 11:26:54    S.O. News Service

منگلورو ،18؍اپریل (ایس او نیوز) بجپے میں واقع فِش مِیل فیکٹری کی ویسٹیج ٹینک میں اتر کر کام کرنے کے دوران 5 مزدور فوت ہوگئے ۔ مغربی بنگال سے تعلق رکھنے والے ان مزدوروں کے بارے میں سمجھا جاتا ہے کہ زہریلی گیس سے دم گھُٹنے کی وجہ سے ان کی موت واقع ہوئی ہے ۔

کل اتوار کی شام  کو پیش آئے اس حادثہ میں فوت ہونے والے مزدوروں کی شناخت نظام الدین ، عمر فاروق ، محمد سمیع اللہ ، شرافت علی اور معراج الاسلام کے طور پر کی گئی ہے ۔ تین مزدوروں کی  موت اتوار کی رات میں ہی ہوگئی تھی جبکہ دو مزدوروں نے آج پیر  صبح اسپتال میں دم توڑ دیا ۔ مزید 3 مزدور اسپتال میں زیرعلاج ہیں ۔

ذرائع سے ملی اطلاع  کے مطابق شری اولکا ایل ایل پی نامی کمپنی میں جملہ 8 مزدور فیکٹری کی ویسٹ کلیکشن ٹینک میں کام کر رہے تھے ۔ یہ کمپنی گورکھ نامی شخص کی ملکیت ہے جو ممبئی کا رہنے والا ہے ۔

پولیس کمشنر این ششی کمار نے بتایا کہ جب ایک مزدور مچھلیوں کا کچرا ڈمپنگ ٹینک میں بھر رہا تھا تو وہ اچانک بے ہوش ہوگیا ۔ تب باقی 7 مزدروں نے اسے بچانے کی کوشش کی اور وہ بھی حادثہ کا شکار ہوگئے ۔

مزدروں کی ہلاکت کے بعد بجپے  پولیس نے فیکٹری کے پروڈکشن منیجر روبی جوزیف ، ایریا منیجر کوبیر گھاڈے  ، سپروائزر محمد انور اور فاروق کو اپنی حراست میں لیا ہے ۔ ان کے خلاف مزدورں کو حفاظتی آلات فراہم نہ کرنے اور غفلت برتنے کے سلسلے میں  کیس درج کر لیا گیا ہے ۔


Share: